بنگلورو، 27 / اپریل (ایس او نیوز) سرحدی علاقے چامراج نگر کے گاوں والوں نے انہیں بنیادی سہولتیں دستیاب نہ ہونے کی شکایت کرتے ہوئے بطور احتجاج الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا اس کے باوجود وہاں پولنگ کا انتظام کرنے پر مشتعل مظاہرین نے سنگ باری کی اورپولنگ بوتھ کو توڑ پھوڑ کر رکھ دیا ۔ حالات پر قابو پانے کے لئے اور احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کا سہارا لیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کے سلسلے میں گاوں والوں نے پولیس کو بھی اطلاع دے رکھی تھی ۔ مگر تحصیلدار اور بعض سرکاری افسران نے ان گاوں والوں کو سمجھا بجھا کر ووٹنگ میں حصہ لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تو گاوں والے مشتعل ہوگئے اور پولنگ بوتھ میں گھس کر توڑ پھوڑ مچائی جس میں ای وی ایم اور دیگر آلات چور چور ہوگئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ اس واقعہ میں کئی خواتین زخمی ہوئی ہیں ۔